جموں،20؍جنوری(ایس او نیوز؍یو این آئی) دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج نے کم سے کم تین مسلح لوگوں کو ہلاک کیا ہے، جبکہ اس دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ مذکورہ ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اکھنور سیکٹر کے کیری باتل علاقے میں ایل او سی پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پانچ مسلح ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ نے در اندازی کرنے کی کوشش کی، لیکن وہاں تعینات فوجی جوانوں نے انہیں روکا اور للکارا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران فوجی جوانوں اور در اندازی کرنے والے جنگجووں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے، جبکہ دیگر دو ملی ٹنٹ یا تو واپس بھاگ گئے یا وہیں کہیں چھپے ہوئے ہیں۔ مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران چار فوجی جوان بھی زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے۔
بتادیں کہ فوجی ذرائع کے مطابق سرحد پار لانچنگ پیڈس پر زائد از تین سو ملی ٹنٹ دراندازی کرنے کی تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سال2020 میں ماضی کے نسبت ملی ٹنٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی کوششوں میں دس گنا اضافہ ہوا ہے۔